1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو وژن مقابلے کا فائنل، موسیقی پر بھی غزہ کی جنگ کے سائے

11 مئی 2024

آج ہفتہ 11 مئی کی رات گیتوں کے 68 ویں یورو وژن مقابلے کا فائنل منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں ایک طرف موسیقی کے دلدادہ افراد شریک ہیں، مگر ساتھ ہی کئی افراد فلسطینی پرچموں کے ساتھ بھی شامل ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4fk63
Schweden Malmö | Pro-Palästina-Demonstration | Eurovision Song Contest
تصویر: ANDREAS HILLERGREN/TT/AFP

68 واں یورووژن مقابلہ سویڈش شہر مالمو میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں یورپ بھر سے گلوکار شریک ہیں۔ اس فائنل میں گوکہ بہ ظاہر مقابلہ کرویشیا اور سوئٹزرلینڈ کے گلوکاروں کے درمیان ہے، مگر اسرائیل کے خلاف ایک سیاسی طوفان بھی اس مقابلے کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل اس مقابلے کا واحد غیر یورپی شریک ملک ہے۔

امسالہ یورو وژن: جرمنی سے ’لارڈ آف دا لوسٹ‘ بینڈ حصہ لے گا

یورو وژن گیت مقابلے کے موضوعات: بھیڑیے، چڑیلیں اور یوکرینی ہپ ہاپ

گو کہ اس مقابلے کا نعرہ 'موسیقی کے ذریعے متحد‘ ہے مگر اس بار ابتدا ہی سے فلسطینی اور ان کے حامیوں کی جانب سے یہ مطالبات سامنے آتے رہے ہیں کہ اسرائیل کو اس مقابلے سے خارج کیا جائے۔

سویڈن کے اس تیسرے سب سے بڑے شہر میں رواں ہفتے یہ دوسرا موقع ہے کہ لوگ اسرائیل کو یورووژنسے خارج کرنے اور غزہ میں فوری فائربندی کے نعرے کے ساتھ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ فن لینڈ میں بھی چالیس مظاہرین نے ہفتے کی صبح مقامی پبلک براڈکاسٹر وائی ایل ای کے مرکزی دفتر پر دھاوا بول دیا اور یہ مطالبہ کیا کہ فن لینڈ اس مقابلے میں شریک نہ ہو کیوں کہ اسرائیل اس کا حصہ ہے۔

Schweden Eurovision Song Contest 2024 in Malmö
دنیا بھر میں کروڑوں افراد موسیقی کے اس بڑے مقابلے کو دیکھتے ہیںتصویر: Corinne Cumming/EBU

یورووژن میں دو سیمی فائنلز کے ذریعے 37 میں سے 26 گیت اس فائنل تک رسائی میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس مقابلے میں ہر گلوکار کو تین منٹ کی پرفارمنس کی اجازت ہو گی اور اس مقابلے کو ہزاروں کی تعداد میں مقامی حاضرین کے علاوہ دنیا بھر میں ایک سو اسی ملین ناظرین دیکھیں گے۔

نیدرلینڈز کے ژوسٹ کلائن کا نام اس مقابلے سے خارج کر دیا گیا ہے۔ ان کی اس مقابلے میں شرکت پر تب سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے جب وہ جمعے کے روز ریہرسل سے روک دیے گئے تھے، جب کہ ان کا گیت 'یورو پاپا‘ سٹے بازوں کے 'انتہائی فیورٹس‘ میں شامل تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ جمعے کے روز بیک اسٹیج پروڈکشن عملے میں شامل ایک خاتون کی جانب سے کلائن سے متعلق شکایت درج کرائی گئی تھی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ چوں کہ اس معاملے کی اب پولیس تفتیش کر رہی ہے، اس لیے کلائن کو مقابلے میں شرکت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس بارے میں زیادہ تفصیلات تو سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اس معاملے کا تعلق اسرائیلی ٹیم کے ساتھ ہے۔ منتظمیں کا تاہم کہنا ہے کہ اس 'واقعے‘ میں کوئی اور پرفارمر یا کسی وفد کا کوئی اور رکن شامل نہیں تھا۔

اس مقابلے میں سوئس گلوکار نیمو انتہائی فیورٹ فنکاروں میں شامل ہیں۔ ان کا گیت 'دی کوٹ‘ ووٹنگ میں سب سے آگے رہا ہے۔ اگر وہ یہ مقابلہ جیتتے ہیں تو وہ پہلے نان بائنری یا غیر مختص جنس سے تعلق رکھنے والے فرد ہوں گے۔ اس مقابلے میں  نیمو کے حریف کرویشیا کے بے بی لاسگانا ہیں جو اپنے گیت 'رِم ٹِم ٹاگی ڈِم‘‘ کے ساتھ پیش پیش ہیں۔

ع ت / م م (اے پی)